کاروار20/مئی (ایس او نیوز) شہر کے سرکاری ہائی اسکول کے عقب میں واقع ایک پرانی عمارت توڑنے کے دوران دیوارگرجانے سے ایک مزدور خاتون موقع پر ہی ہلاک ہوگئی، اور اس کا شوہر شدید زخمی ہوگیا۔
ہلاک ہونے والی خاتون کی شناخت باگلکوٹ ضلع کے رہنے والی یمنور راماوّا (36سال)کے طور پر کی گئی ہے جبکہ اس کے زخمی شوہرکا نام بسپّا بتایا جاتا ہے۔ بسپّا کی پیٹھ پر وزنی پتھر گرنے سے اس کو گہری چوٹ لگی ہے۔ کاروار ڈسٹرکٹ اسپتال میں ابتدائی علاج کے بعد اسے مزید علاج کے لئے باگلکوٹ لے جایا جارہا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ روی مانجریکر نامی شخص نے پرانی عمارت کو ڈھانے کا ٹھیکہ لیا تھا۔ بسپا اور اس کی بیوی یہاں مزدوری کررہے تھے۔ دوپہر کے وقت جب وہ آرام کررہے تھے تو اچانک دیوار کا ایک حصہ زمین بوس ہوگیا۔راماوّا دیوار کے ملبے میں دب کرموقع پر ہی ہلاک ہوگئی۔ٹھیکے داروں کی تنظیم کے ذمہ داروں نے اسپتال میں پہنچ کر زخمی بسپا کی خبر گیری کی اور اس کے علاج کے لئے تعاون کرنے کا یقین دلایا۔